امیرافراد کے لیے سالانہ 12 لاکھ روپے فِیس والی سوشل میڈیا ایپ متعارف
بے تحاشہ دولت مند لوگوں کی ہرشے مختلف ہوتی ہے اوراب انہی کے لیے ایک سوشل میڈیا ایپ بنائی گئی ہے جس کی سالانہ فیس 12 ہزار ڈالر یعنی 12 لاکھ روپے کے بقدرہے۔ ماہانہ ایک ڈالر فیس کی یہ ایپ نودولتیوں اور انتہائی امیرکبیرنوجوانوں کے لیے ہے جو ایپ اسٹور پر مفت میں دستیاب ہے لیکن مفت ورژن میں آپ اپنی پوسٹ شامل نہیں کرسکتے۔ اکاؤنٹ میں اپنی پوسٹ اور تصاویر شامل کرنے کے لیے آپ کو رکنیت درکار ہوتی ہے جس کی ماہانہ فیس ایک لاکھ روپے ہے۔ اس طرح سے یہ پلیٹ فارم عام لوگوں کی دسترس سے باہر ہے جو دیکھنے میں اسنیپ چیٹ جیسا لگتا ہے۔
رچ کڈز کے رکن بننے کے بعد آپ نہ صرف امیر افراد کی پرتعیش زندگی پر نظر ڈال سکتے ہیں بلکہ خود اپنی ویڈیو اور تصاویر بھی شامل کرسکتے ہیں۔ اس ضمن میں رچ کڈز کمپنی کا کہنا ہےکہ اس پلیٹ فارم کے2 اہم مقاصد ہیں۔ ایک تو یہ کہ دولت مند افراد کو انہی جیسا ایک حلقہ فراہم کیا جائے اوردوم اس کی رقم غریبوں پر خرچ کی جائے۔ ایک ہزار ڈالر ماہانہ کے بدلے پلیٹ فارم انہیں بہت اہم خدمات فراہم کرتا ہے۔ کمپنی کے سی ای او کے مطابق اس پلیٹ فارم کی فیس سے حاصل ہونے والے ایک تہائی ( 33 فیصد) رقم غربت کے خلاف کام کرنے والے اداروں کو عطیہ کی جائے گی۔ تاہم سوشل میڈیا استعمال کرنے والے بعض افراد نے کہا ہے کہ یہ ایپ دولت اور انا رکھنے والوں کے لیے ہی مناسب پلیٹ فارم ہے۔ تنقید کرنے والوں کا کہنا ہےکہ اس ایپ میں کوئی خاص فیچر نہیں جس کے لیے رقم خرچ کی جائے اور رہا سوال مدد کا تو وہ سالانہ اس سے زیادہ رقم عطیہ کرتے رہتےہیں۔
Post a Comment